مکہ مکرمہ،7فروری(ایجنسی) مسجد حرام کے سیکیورٹی حکام کے مطابق گذشتہ روز مسجد حرام میں ایک محبوط الحواس شخص نے خود سوزی کی کوشش کی تھی مگر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد
حرام کی خصوصی سیکیورٹی فورسز کیپٹن سامح السلمی نے بتایا کہ سوموار کو رات گیارہ بجے پولیس نے صحن مطاف سے ایک شخص کو اس وقت حراست میں لیا جس نے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی حکام نے بروقت کارروائی کرکے اسے خود کو آگ لگانے سے روک دیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ خود سوزی کرنے والے شخص کے طرز عمل سے وہ نفسیاتی مریض معلوم ہوتا ہے۔ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اسے متعلقہ حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔